(ویب ڈیسک) انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 نے شاندار اور یکطرفہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) انڈر 19 کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ قومی نوجوان اوپنر عثمان خان نے ناقابلِ شکست 139 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یو اے ای کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
یو اے ای کی جانب سے نور اللہ ایوبی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ یایین رائے نے 47 اور زین اللہ رحمانی نے 28 رنز کا حصہ ڈالا۔
پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، محمد صیام نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا نے 38 رنز دے کر 2، رضوان اللہ نے 2، حسنین عباس ڈار نے 2 اور نقاب شفیق نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے پراعتماد آغاز فراہم کیا اور میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
جہانگیر بلال نے 87 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے ذمہ دارانہ 60 رنز اسکور کیے۔ عثمان خان نے میدان کے چاروں اطراف شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے صرف 120 گیندوں پر 21 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 139 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
عبدالقادر نے اختتامی لمحات میں 19 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ساتھ نبھایا، اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف 37.3 اوورز میں صرف 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے 9 وکٹوں سے شاندار فتح سمیٹ لی۔