ویب ڈیسک: صوبائی وزیر صنعت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے کبھی فاصلہ اختیار نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کریں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں شافع حسین نے کہا کہ چوہدری سالک حسین ایک خودمختار شخصیت ہیں اور انہیں اپنی رائے دینے کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سالک حسین نے اپنے بیان میں نہ وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لیا اور نہ ہی پنجاب حکومت کا ذکر کیا۔ ان کے خیال میں سالک حسین کا اشارہ 2003 سے 2008 کے دوران مسلم لیگ (ق) کے دورِ حکومت میں مبینہ بدعنوانی کی جانب تھا۔
شافع حسین نے تمام سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔