(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت کو ون کنسٹی ٹیوشن کا قانونی قبضہ مل گیا ہے، کوشش ہے کہ چند ماہ میں اس بلڈنگ کو ایک ہوٹل میں تبدیل کردیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کیبنٹ میں ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی رپورٹ پیش ہوئی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظور ہوئی ہے۔ اب ہمارے پاس قانونی طور پر قبضہ آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں زمینوں پر جس طرح قبضے کئے گئے آپ کو بتا نہیں سکتا۔ ایف سکس سیون میں لوگوں نے لان پر بھی قبضے کر رکھے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کو ہوٹل میں تبدیل کریں گے، فائیو سٹار ہوٹل بنایا جائیگا۔ کوشش ہو گی مہینوں کے اندر کام ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ جس کی جو رقم بنتی ہے وہ دی جائیگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ جس دن ہم نے قبضہ لینے کی کوشش کی اس دن عجیب ماحول بنایا گیا۔ اس دن ایسا ماحول بنایا گیا جیسے ہم سے کوئی جرم ہوگیا ہو۔ اس معاملے میں وزیراعظم کی ہمیں پوری سپورٹ رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی مقصد تھا دوہرا معیار نہیں، غریب اور امیر کےلیے دہرا معیار نہ ہو، ایک ہی معیار ہو۔ پروجیکٹ کے متاثرین کو رقم واپس ادا کی جائے گی۔