ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران 25 ممالک کے ساتھ ویزا فری انٹری اور سفری سہولیات سے متعلق معاملات طے ہونے کی توقع ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ملک میں اس وقت 70 ہزار بلیو پاسپورٹس موجود ہیں، جن کی تعداد ویزا فری معاہدوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ان کے مطابق بعض ممالک نے واضح کیا ہے کہ بلیو پاسپورٹس کی تعداد 25 سے 30 ہزار سے زیادہ ہونے کی صورت میں ویزا فری سہولت ختم کی جا سکتی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اب تک 22 ہزار بلیو پاسپورٹس منسوخ کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید اجرا پر پابندی عائد ہے۔ موجودہ ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ کو ان کی آئینی مدت کے مطابق بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو پاسپورٹس سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ کینیا، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے ساتھ بلیو پاسپورٹ سے متعلق معاہدے آخری مراحل میں ہیں، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا فری انٹری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ قطر کے ساتھ بھی جلد معاہدہ طے پانے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے کے لیے پیشرفت جاری ہے اور جعل سازی کی روک تھام کے لیے ملک کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد کی ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے وزیر داخلہ نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں موزوں درختوں کے انتخاب کے لیے بوٹینیکل گارڈن کے ماہرین سے سائنسی مطالعہ کروایا جائے گا۔