(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خواتین سے درخواست ہے کسی بھی صورت اپنی تصویر شیئر مت کریں، تصاویر اور ویڈیوز سے ملزمان بلیک میل کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے کے آفس میں عوامی مسائل سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ماؤں اور بہنوں سے درخواست ہے اپنی تصویر کسی سے شیئر نہ کریں، خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز سے ملزمان انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے پاس بچیوں سے ہراسانی کے کیس سب سے زیادہ آ رہے ہیں، بچیوں اور عام آدمی کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کوئی آپ سے آن لائن پیسے مانگ رہا ہے تو ہر گز ٹرانسفر مت کیجیے، کوئی شخص بیمار بن کر آپ سے پیسے مانگے تو بھی رقم ٹرانسفر مت کیجیے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس 61 افراد ہیں، ہماری کوشش ہے کہ سائلین کے مسائل حل کرنے کیلئے نفری پوری کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے کئی اہم کیسز میں ملزمان کو پکڑا ہے، سائبر پولیس کو ہر طرح سے مضبوط کرینگے، سرکاری ملازم ہو یا کوئی اور سائبرکرائم میں جو بھی ملوث ہوا پکڑا جائے گا۔