(ویب ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے قومی ایئرلائن کے عملے کے لیے نئے جدید اور ثقافتی ورثے کے عکاس یونیفارمز کی تیاری کے لیے ملک کے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (HSY) کا باضابطہ انتخاب کر لیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے گزشتہ ماہ کراچی میں ملک بھر کے تمام نامور اور ممتاز فیشن ڈیزائنرز کو نئے یونیفارم ڈیزائن کرنے کی باقاعدہ دعوت دی تھی۔
پیش کردہ مختلف ڈیزائنز میں سے حسن شہریار یاسین کے کام کا انتخاب ڈیزائن کی منفرد جدت، اعلیٰ معیار اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کی بہترین عکاسی کی بنیاد پر کیا گیا۔
بوئنگ 787 اور لندن تا اسلام آباد پرواز پر باضابطہ رونمائی:
ایچ ایس وائی کے ڈیزائن کردہ ان نئے یونیفارمز کی پہلی بار باضابطہ رونمائی پی آئی اے کے بیڑے میں شامل نئے طیارے بوئنگ 787 کی پہلی افتتاحی پرواز کے موقع پر کی جائے گی۔
یہ خصوصی پرواز 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی، جہاں نئے دلکش یونیفارمز میں ملبوس عملہ مسافروں کو خوش آمدید کہے گا۔
پی آئی اے انتظامیہ کی ری ویمپنگ اور جدید سہولیات:
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی نئی انتظامیہ مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اصلاحاتی منصوبے کے تحت بیڑے میں تفریحی سہولیات سے لیس نئے طیاروں کی شمولیت، پرانے جہازوں کے کیبنز اور نئی جدید نشستوں کی تنصیب، عملے کی خصوصی تربیت اور پروازوں کے دوران کھانوں کا بالکل نیا مینو شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نئے یونیفارمز پی آئی اے کی تاریخی تبدیلی اور جدت کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔