(ویب ڈیسک)برطانوی حکومت نے حوثیوں کے فضائی حملوں سے سعودی عرب کے شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے اپنے جدید ٹائفون لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق لڑاکا طیاروں کی یہ تعیناتی سعودی عرب کے لیے برطانوی ’اضافی دفاعی فوجی تعاون‘ کا حصہ ہے۔ رائل ایئر فورس (RAF) کے جدید ٹائفون فائٹر جیٹس سعودی شہروں اور ملکی بنیادی ڈھانچے کو حوثی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدہ دفاعی کاؤنٹر ایئر مشنز اڑائیں گے۔
وزارت کے بیان میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ لڑاکا طیارے مکمل طور پر دفاعی پوزیشن میں رہیں گے اور حوثیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ یا پیش قدمی والی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ برطانیہ سعودی حدود میں دفاعی سازوسامان کی تیز رفتار نقل و حمل کے لیے ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ بھی فراہم کرے گا۔سعودی عسکری افسران کی پیشہ ورانہ معاونت اور مشاورت کے لیے برطانوی فوجی مشیر بھی تعینات کیے جائیں گے۔
برطانوی وزیرِ دفاع کا ردِعمل:
برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ملک سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل فضائی حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر ریاض ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام واضح ثبوت ہے کہ حوثی خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کو کس حد تک بڑھانا چاہتے ہیں۔