(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے منگل اور بدھ کے روز ملک کے بیشتر حصوں کے لیے موسم کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق میدانی علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد:
اسلام آباد اور اس کے گردونواح کے تمام علاقوں میں منگل اور بدھ دونوں روز موسم مکمل طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب، مری اور گلیات:
صوبہ پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔البتہ سیاحتی مقامات مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دونوں دن بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا:
صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
منگل کے روز چترال، سوات، دیر، کرم اور گردونواح کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
بدھ کے روز صوبے کے بالائی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم نمایاں طور پر سرد رہے گا۔
سندھ:
سندھ بھر کے بیشتر اضلاع میں منگل اور بدھ کو موسم مکمل طور پر خشک رہے گا، جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت قدرے زیادہ اور موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان:
صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم دونوں دن بعد از دوپہر بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان:
کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں موسم کافی سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں منگل اور بدھ دونوں دن مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔