ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بلوچستان کے اضلاع خضدار، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ بارشوں میں کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 24، مظفرآباد شہر میں 22 اور مظفرآباد ایئرپورٹ پر 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ میں 15، پارہ چنار میں 14 اور پشاور شہر میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں 9 اور استور میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔