(ویب ڈیسک) وفاقی آئینی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
اس سے قبل کیس کی سماعت کےدوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صدر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ خاتون کیلئے عدالتوں نے ہمیشہ نرم گوشہ رکھا ہے، نیب کا کنڈکٹ 13 مہینوں میں قابل اعتراض رہا، نیب نے کئی سماعتوں پر التوا لیا، نیب نے سزا معطلی کی درخواست پر بھی اعتراض کیا۔
انہوں نے کہا کہ سزا کے بعد اب بشریٰ بی بی کی ضمانت کا قانونی جواز بن چکا ہے، بشریٰ بی بی نے خاتون ہونے پر سزا معطلی مانگی، کیس میں سارا فوکس بانی کی اپیل پر رہا۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان نے کہا میرٹ پر اس موقع پر نہ جائیں، عدالت کے سامنے سزا معطلی کا کیس ہے۔
اس موقع پر جسٹس باقر نجفی بولے کہ مرکزی اپیل سماعت کیلئے کتنی بار لگی ہے۔
آئینی عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے پوائنٹس جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین خان نے کہا کہ حکم کا انتظار کریں۔