ایپل نے اپنے اسمارٹ اسپیکر ہوم پوڈ منی کا نیا ورژن متعارف کرا دیا

ایپل نے اپنے اسمارٹ اسپیکر ہوم پوڈ منی کا نیا ورژن متعارف کرا دیا
کیپشن: ایپل نے اپنے اسمارٹ اسپیکر ہوم پوڈ منی کا نیا ورژن متعارف کرا دیا

ویب ڈیسک: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے اسمارٹ اسپیکر ہوم پوڈ منی کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل اسسٹنٹ سری کو مزید جدید اور صارفین کے روزمرہ کاموں کے لیے زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئے ہوم پوڈ منی 2 میں سری کے جدید ورژن کی معاونت فراہم کی گئی ہے، جب کہ اسپیکر میں ’ساؤنڈ گلو‘ نامی نیا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

ایپل نے ہوم پوڈ منی کے ساتھ ’ہوم ویو‘ نامی اپنا پہلا اسمارٹ ڈسپلے متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایپل ٹی وی کا اپ ڈیٹ شدہ ورژن بھی پیش کیا گیا ہے، جو سری کے ساتھ بہتر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نئے ہوم پوڈ منی 2 کی نمایاں خصوصیات میں مصنوعی ذہانت سے لیس سری کی معاونت شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپیکر میں نئی چِپ دی گئی ہے، جس کے ذریعے سری صرف سوالات کے جواب دینے کے بجائے صارفین کے مختلف کام انجام دینے میں بھی مدد دے سکے گی۔

رپورٹ کے مطابق نئی ٹیکنالوجی آئی فون میں موجود صارف کی ذاتی معلومات اور گفتگو کے سیاق و سباق سے مدد لے کر اس کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے سری کے ذریعے مختلف کام انجام دینا مزید آسان ہو سکتا ہے۔

ایپل کی یہ پیش رفت اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی میں کمپنی کی توسیع اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے روزمرہ زندگی کو آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Watch Live Public News