ویب ڈیسک: واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم خبر ہے کہ میسجنگ ایپ میں جلد پیغامات شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرایا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے صارفین پہلے سے پیغام لکھ کر اسے مخصوص وقت پر خودکار طور پر بھیج سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے انفرادی اور گروپ چیٹس میں ٹیکسٹ پیغامات، لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا وقت اور تاریخ پہلے سے مقرر کی جا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق صارفین پیغام لکھنے کے بعد سینڈ آئیکون کو دبا کر رکھیں گے، جس کے بعد دستیابی کی صورت میں شیڈولنگ کا آپشن سامنے آئے گا۔ صارفین 10 منٹ سے دو ہفتے تک کے لیے پیغام شیڈول کر سکیں گے۔
شیڈول کیے گئے پیغامات چیٹ انفارمیشن اسکرین میں دیکھے اور بھیجنے سے پہلے حذف کیے جا سکیں گے۔
تاہم یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے اور تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ فراہمی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔