ویب ڈیسک: گوگل میپس صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے نیویگیشن کے دوران نقشے کے رنگوں اور اسٹائل کو تبدیل کیا جا سکے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کو ’’ہائی ویزیبلٹی میپ اسٹائل‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد نقشے پر سڑکوں، سبز علاقوں اور دیگر مقامات کی شناخت کو آسان بنانا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے لائٹ اور ڈارک دونوں موڈز میں نقشے کی رنگوں کی اسکیم تبدیل ہوجائے گی۔ لائٹ موڈ میں سبز علاقوں کا رنگ گہرا جبکہ صارف کی موجودہ لوکیشن کا نیلا نشان جامنی رنگ میں دکھائی دے گا۔
اسی طرح ڈارک موڈ میں نقشے کا نیلا پس منظر تقریباً سیاہ ہوجائے گا، جبکہ دیگر نمایاں رنگ بھی تبدیل ہوں گے۔ تاہم سڑکوں اور مقامات کے نام واضح رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی سے صرف نقشے کا ظاہری انداز متاثر ہوگا، جبکہ نیویگیشن کنٹرولز، راستے کی مرحلہ وار ہدایات اور اسکرین کے نچلے حصے میں موجود معلوماتی پینل پہلے کی طرح کام کرتے رہیں گے۔
فی الحال گوگل اس فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، تاہم اسے عام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا، اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔