(ویب ڈیسک) میٹا کی مقبول ترین فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام نے کروڑوں صارفین کا دیرینہ مسئلہ حل کرتے ہوئے ' ایڈٹ اسٹوریز' نامی نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اسٹوری پوسٹ کرنے کے بعد بھی اس میں تبدیلی کر سکیں گے۔
اس سے قبل انسٹا گرام اسٹوری پوسٹ کرنے کے بعد کوئی غلطی نظر آنے کی صورت میں پوری اسٹوری ڈیلیٹ کر کے دوبارہ پوسٹ کرنی پڑتی تھی، تاہم اب صارفین اسٹوری پوسٹ کرنے کے 15 منٹ کے اندر اسے ایڈٹ کر سکیں گے ۔
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق صارفین پوسٹنگ کے بعد کسی بھی اسٹوری میں ٹیکسٹ، میوزک، اسٹیکرز اور ڈرائنگز کو آسانی سے تبدیل کر سکیں گے۔
اسٹوری کو ایڈٹ کرنے کا طریقہ کار:

پوسٹ کی گئی اسٹوری میں تبدیلی کرنے کے لیے صارفین کو اسٹوری کے اوپر دائیں جانب موجود مور (More) بٹن پر کلک کر کے 'ایڈٹ اسٹوری' (Edit Story) کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اسٹوریز کے لیے 3 مزید نئے فیچرز:
ایڈٹ اسٹوریز کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام نے اسٹوریز کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے 3 نئے فیچرز بھی متعارف کرائے ہیں۔
نئے اور پرکشش اسٹیکر ڈیزائنز
کسی بھی سائز کی تصویر کے لیے بہتر بیک گراؤنڈ ایڈجسٹمنٹ
ایک ساتھ متعدد تصاویر (Multiple Photos) کو سلیکٹ کرنے کے عمل کو آسان بنانا شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق ان تمام فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور یہ آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر کے تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔