پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کیلئے یورپی منڈی میں نئے مواقع، جرمنی کا تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کیلئے یورپی منڈی میں نئے مواقع، جرمنی کا تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
کیپشن: پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کیلئے یورپی منڈی میں نئے مواقع، جرمنی کا تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن (VFI) کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل آرٹز کی قیادت میں جرمن وفد نے اپٹما ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ، ٹیکسٹائل تعاون اور برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ تجارت بڑھانے اور پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت میں عالمی پائیداری کے معیارات پر عملدرآمد بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈاکٹر مائیکل آرٹز نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کی عالمی معیار پر عملدرآمد کی کوششوں کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرمن ادارہ VFI پاکستانی برآمد کنندگان اور جرمن درآمد کنندگان کے درمیان کاروباری روابط اور تعاون بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا۔

چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت پاکستانی برآمدات کو یورپی منڈی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جی ایس پی پلس کے تحت 2013 سے اب تک یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات میں 73 فیصد جبکہ جرمنی کو برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسد شفیع کے مطابق اپٹما کی رکن ملز جی ایس پی پلس کے 27 کنونشنز سمیت SA8000 اور Oeko-Tex جیسے بین الاقوامی پائیداری معیارات پر عمل کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپٹما عالمی تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگی اور پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے نیشنل کمپلائنس اینٹیٹی کے قانونی فریم ورک کی تیاری میں بھی معاونت کر رہی ہے۔

چیئرمین اپٹما کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت آرگینک کاٹن، ری سائیکلڈ پولیسٹر اور ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنا کر پائیدار صنعتی ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے۔


 

Watch Live Public News