ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتول کے محافظوں پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے چار نامزد ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبایا اور قتل کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے سونا، اے ٹی ایم کارڈ اور اہم دستاویزات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
مقدمے میں زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں، جن کا تعلق ضلع صوابی سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا بھی لے گئے۔
ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی، شوکت علی بھٹی کے چچا، جبکہ رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔
مقتول کی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں برجدارا میں ادا کی جائے گی۔