اسلام 2035 تک کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا، رپورٹ

اسلام 2035 تک کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا، رپورٹ

(ویب ڈیسک) معروف عالمی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے دنیا بھر میں مذاہب کی آبادی کے مستقبل کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ جاری کی ہے، جس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کی جگہ لے کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔

2020 سے 2070 تک کے عرصے پر محیط اس تحقیق میں دنیا کی 99.98 فیصد آبادی کی نمائندگی کرنے والے 201 ممالک اور خطوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

تیز ترین آبادی میں اضافہ اور شرحِ پیدائش:

رپورٹ کے مطابق آنے والی دہائیوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کی آبادی بڑھے گی، تاہم مسلم آبادی کہیں زیادہ تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں میں بلند شرحِ پیدائش ہے۔

دنیا بھر میں مسلم خواتین کی شرحِ پیدائش  اوسطاً 3.1 بچے فی خاتون ہے جو تمام مذاہب میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے فی خاتون ہے (کسی بھی نسل کے تسلسل کے لیے کم از کم 2.1 کی شرح درکار ہوتی ہے)۔

قدرتی آبادی میں اضافے کے باعث 2070 تک عالمی مسلم آبادی میں 1 ارب 60 کروڑ افراد کا اضافہ متوقع ہے، جبکہ عیسائی آبادی میں 79 کروڑ 20 لاکھ افراد کا اضافہ ہوگا۔

پاکستان دنیا کا سب سے بڑا مسلم ملک بن جائے گا:

پیو ریسرچ کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران مسلم آبادی میں ہونے والے اضافے کا 74 فیصد حصہ ان 53 ممالک میں ہوگا جہاں مسلمان پہلے ہی اکثریت میں ہیں۔

رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے اہم پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کی مسلم آبادی 2020 کے 22 کروڑ 70 لاکھ سے دوگنی ہو کر 2070 میں 46 کروڑ 10 لاکھ (461 ملین) تک پہنچ جائے گی، جس کے بعد پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن جائے گا۔

اس کے علاوہ 2070 تک مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی 95 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہوگی، جبکہ ایشیا پیسیفک خطے میں مسلمان غیر مذہبی افراد سے آگے نکل جائیں گے۔

مذہب تبدیلی کے رجحانات:

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام کی اس تیز رفتار ترقی کی وجہ دیگر مذاہب سے تبدیلیِ مذہب نہیں بلکہ قدرتی شرحِ پیدائش ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پیش گوئی کے دورانیے میں مذہب چھوڑنے اور اختیار کرنے کے فرق کے باعث عیسائیت کو 10 کروڑ 50 لاکھ افراد کے خالص نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے (جن میں سے بیشتر افراد کسی بھی مذہب سے وابستہ نہ رہنے یا لادینیت کا انتخاب کرتے ہیں)، جبکہ اسلام کے معاملے میں یہ فرق محض 80 لاکھ افراد رہنے کا امکان ہے۔

تحقیق کا دائرہ کار:

یہ نتائج 'پیو-ٹیمپلٹن گلوبل ریلیجیئس فیوچرز پروجیکٹ' کا حصہ ہیں، جس میں مسلمانوں، عیسائیوں، یہودیوں، ہندوؤں، بدھ مت اور دیگر مذاہب کا جائزہ لیا گیا ہے؛ تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ جنگوں، قدرتی آفات اور معاشی حالات جیسے عوامل مستقبل کی اس تصویر پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News