ویب ڈیسک: چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان سہ فریقی ملاقات جاری ہے، جسے تینوں رہنماؤں نے عالمی سیاست کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے مذاکرات کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت تاریخ رقم کر رہی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے شی جن پنگ اور پیوٹن سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ روسی صدر سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے انہیں اپنا دوست قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان اچھے تعلقات کا ذکر کیا۔
چینی صدر سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، چین اور روس دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روس سمیت تمام متعلقہ فریق یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہوں گے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ امریکا، چین اور روس کے درمیان تعمیری تعاون عالمی استحکام کو مضبوط بنا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک پر بین الاقوامی قانون کے نظام کو مستحکم بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط وقت کی ضرورت ہیں، کیونکہ آج کی دنیا میں تمام ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تینوں ممالک پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے تعاون بڑھائیں۔
شی جن پنگ نے سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور حساس معاملات پر ریڈ لائنز کا احترام کرنے اور اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بھی زور دیا۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ تجارتی روابط منقطع کرنے کی پالیسی سے گریز کیا جائے، جبکہ جوہری جنگ نہ تو جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی لڑی جانی چاہیے۔ انہوں نے جوہری ہتھیاروں پر مکمل پابندی کی کوششوں اور عالمی توانائی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
خبر کے مطابق یہ امریکا، چین اور روس کے سربراہان کی پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات ہے، جو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) اجلاس کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔