ویب ڈیسک: چینی محققین نے بالوں کے جھڑنے اور گنج پن کے علاج کے لیے جدید الیکٹرانک کنگھا تیار کر لیا ہے، جس نے چوہوں پر تجربات کے دوران صرف ایک ماہ میں تقریباً 100 فیصد بال دوبارہ اگانے کے نتائج دکھائے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس ڈیوائس کے نتائج بالوں کی نشوونما کے لیے استعمال ہونے والی دوا مائنوکسیڈل سے بھی بہتر رہے، جس سے تقریباً 70 فیصد بالوں کی بحالی ممکن ہوئی تھی۔
ڈی ٹینگل (D-TENG) نامی اس کنگھے میں خصوصی الیکٹروڈز نصب ہیں، جو بالوں کی جڑوں کے گرد برقی میدان پیدا کرتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی برقی تحریک اور ادویات کی مؤثر ترسیل کے ذریعے بالوں کی دوبارہ نشوونما میں مدد دیتی ہے۔
تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے ہیں۔ محققین کے مطابق تجربات میں مردانہ طرز کے گنج پن سے متاثرہ چوہوں میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
محققین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی انسانوں میں گنج پن کے علاج کے لیے بھی کارآمد ثابت ہو سکتی ہے، تاہم فی الحال اس کے تجربات صرف چوہوں پر کیے گئے ہیں اور انسانوں میں اس کی افادیت ثابت ہونا باقی ہے۔