بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے لیے روزانہ کتنی دیر چہل قدمی ضروری؟ نئی طبی تحقیق میں اہم انکشاف

 بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے لیے روزانہ کتنی دیر چہل قدمی ضروری؟ نئی طبی تحقیق میں اہم انکشاف
کیپشن:  بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے لیے روزانہ کتنی دیر چہل قدمی ضروری؟ نئی طبی تحقیق میں اہم انکشاف

ویب ڈیسک: جسم میں انسولین کی کارکردگی متاثر ہونے سے خون میں شوگر کی مقدار بڑھنے لگتی ہے۔ انسولین ایک ہارمون ہے جو غذا سے حاصل ہونے والے گلوکوز کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بلڈ شوگر کی مسلسل بلند سطح اعصاب، گردوں اور آنکھوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ امراضِ قلب کا خطرہ بھی بڑھا سکتی ہے۔

اب ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مسلسل طویل وقت تک چہل قدمی کرنے کے بجائے دن بھر میں وقفے وقفے سے چند منٹ پیدل چلنا بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

جرنل ’’اوبیسٹی‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں موٹاپے یا زائد وزن کے شکار 30 افراد کو شامل کیا گیا، جو روزانہ 6 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔

تحقیق کے دوران شرکا کو 6 ہفتوں تک ہفتے میں 5 دن، روزانہ 45 منٹ تیز رفتار چہل قدمی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ نے مسلسل 45 منٹ واک کی، جبکہ دوسرے گروپ نے دن بھر میں وقفے وقفے سے واک کرکے یہ دورانیہ مکمل کیا۔

6 ہفتوں بعد نتائج سے معلوم ہوا کہ وقفے وقفے سے چہل قدمی کرنے والے افراد کے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری آئی۔ ان کا بلڈ گلوکوز زیادہ وقت تک مستحکم رہا اور اس میں اچانک اتار چڑھاؤ بھی کم دیکھنے میں آیا۔

محققین کے مطابق صرف ایک مرتبہ طویل واک کرنے کے بجائے دن بھر بیٹھنے کے طویل وقفوں کو توڑنا اور چند منٹ پیدل چلنا بھی صحت کے لیے اہم فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2023 میں جرنل ’’اسپورٹس میڈیسن‘‘ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہر کھانے کے بعد 2 سے 5 منٹ ہلکی پھلکی چہل قدمی کرنے سے بھی بلڈ شوگر کو کنٹرول رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق کھانے کے بعد کچھ دیر کھڑے رہنے سے بلڈ گلوکوز میں اوسطاً 9.51 فیصد، جبکہ ہلکی چہل قدمی سے 17.01 فیصد کمی دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق چہل قدمی کے دوران پٹھے گلوکوز استعمال کرتے ہیں، جس سے خون میں شوگر کی سطح کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

 

Watch Live Public News