ویب ڈیسک: کراچی میں غیر ملکی اسمگل شدہ ادویات کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے، جہاں دل کی بیماری، نیند اور مرگی کے علاج میں استعمال ہونے والی تین غیر قانونی ادویات مارکیٹ میں سپلائی کی جا رہی ہیں۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ( ڈریپ) نے تینوں ادویات کے حوالے سے ریپڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ قرار دے دیا ہے۔
ڈریپ کے مطابق کراچی کی سینٹرل ڈرگ لیبارٹری (سی ڈی ایل) نے غیر ملکی ادویات کے تین نمونوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ان میں برطانوی ساختہ فلیکینائیڈ ایسیٹیٹ شامل ہے، جو بے ترتیب دل کی دھڑکن کے علاج میں استعمال ہوتی ہے، جبکہ برطانوی ساختہ موڈافینل 200 ملی گرام نیند کے عوارض اور اطالوی ساختہ مائیسولین 250 ملی گرام مرگی کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان اسمگل شدہ ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے، جبکہ ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔
اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ادویات سپلائی کرنے والوں کی نشاندہی اور غیر قانونی بیچز ضبط کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز کو ان ادویات کی فروخت فوری بند کرکے موجود اسٹاک واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔