ویب ڈیسک: بین الاقوامی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں جسم کے 11 حصوں میں زیادہ درد کی شکایت کرتی ہیں، جبکہ سر، چہرے اور پیٹ کے درد میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
طبی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع تحقیق میں 118 ممالک کے 61 لاکھ سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق خواتین میں چہرے کے درد کی شکایت کا امکان 83 فیصد، سر درد کا 74 فیصد اور پیٹ کے درد کا 60 فیصد زیادہ پایا گیا۔
تحقیق کے مطابق جسمانی درد عموماً درمیانی عمر میں شدت اختیار کرتا ہے، جبکہ کمر، کولہوں اور گھٹنوں کا درد بڑھاپے تک بڑھ سکتا ہے۔ دنیا بھر میں کمر کا درد سب سے عام مسئلہ پایا گیا، جو تقریباً 40 فیصد افراد کو متاثر کرتا ہے۔
محققین کے مطابق کم آمدنی والے ممالک میں بزرگ افراد کو جسمانی درد کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔ سخت جسمانی مشقت، ناقص غذا، متعدی بیماریاں اور طبی سہولتوں کی کمی اس کی ممکنہ وجوہات ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ موٹاپا خصوصاً گھٹنوں، پاؤں اور ٹخنوں کے درد کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ محققین نے خواتین کے درد کو نظرانداز کیے جانے اور انہیں ضرورت کے مطابق درد کم کرنے کی ادویات تجویز نہ کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔