(ویب ڈیسک )عالمی مقابلہِ حسن مس یونیورس 2026 نے اپنی نئی ملکہ کا انتخاب کر لیا ہے، 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان جوآن کے کولیسیو ڈی پورٹو ریکو ہوزے میگوئل ایگریلوٹ میں منعقدہ فائنل میں میزبان ملک کی نمائندگی کرنے والی جینیفر باریٹو نے تاج اپنے سر سجا کر مقابلہ جیتنے والی پہلی ماں ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
27 سالہ جینیفر باریٹو پیشے کے اعتبار سے ماہرِ نفسیات اور سماجی کارکن ہیں، مقامی میڈیا 'ایل نیوو' کے مطابق ان کی ایک بیٹی پینیلوپ ہے اور وہ مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی ماں بن گئی ہیں۔
مس یونیورس 2025 فاطمہ بوش نے اپنی جانشین کی تاجپوشی کی اور انہیں تنظیم کا نیا تاج پہنایا، جسے ڈیزائنر جارج وٹلز اور میسن ڈی اور (Maison d’OR) نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ "دی ریڈینس آف این ایٹرنل لیگیسی" نامی اس تاج میں 18 قیراط سفید سونے میں 3 ہزار 150 ہیرے جڑے گئے ہیں۔
ٹاپ فائیو میں جینیفر باریٹو کے ہمراہ مس یونیورس فلپائن، مس یونیورس نیوزی لینڈ، مس یونیورس وینزویلا اور مس یونیورس ڈومینیکن ریپبلک شامل رہیں۔
اس سال کے مقابلے میں 110 سے زائد ممالک اور خطوں سے مجموعی طور پر 117 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں مس یونیورس سینٹ مارٹن اور مس یونیورس یوگنڈا جیسے ممالک بھی شامل تھے جنہوں نے اس سے قبل کبھی فائنل میں شرکت نہیں کی تھی۔
ٹی وی میزبان ماریو لوپیز اور مس یونیورس 2022 آر بونی گیبریل نے تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیے، میزبانوں کے مطابق رواں سال کی 117 امیدواروں میں 22 ماسٹرز ڈگری ہولڈرز، 5 ڈاکٹرز اور 10 مائیں شامل تھیں۔
مقابلے کے دوران اگلے سال منعقد ہونے والے 76ویں مس یونیورس مقابلے کے مقام کا اعلان بھی کیا گیا، جو آئندہ برس بھی پورٹو ریکو ہی میں منعقد ہوگا۔