پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما تاج حیدر انتقال کرگئے

پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما تاج حیدر انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما تاج حیدر انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی تصدیق اہلخانہ کی جانب سے کی گئی،   تاج حیدر مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

اہل خانہ کے مطابق سینیٹر تاج حیدر کا مختصر علالت کے بعد ہی انتقال ہوگیا، نماز جنازہ اور تدفین کے حوالے سے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔

 تاج حیدر8 مارچ 1942 کو کوٹہ، راجستھان، برطانوی ہند میں ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پروفیسر کرار حسین اس وقت میرٹھ کالج میں انگریزی ادب کے استاد تھے۔ 1948 میں یہ گھرانہ پاکستان ہجرت کر آیا اور تاج حیدر نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول،رنچھور لائنز، کراچی سے حاصل کی ۔

والد کی سرکاری ملازمت اور مختلف شہروں میں تبادلے کے باعث تاج حیدر نے میٹرک کا امتحان گورنمنٹ فیض ہائی اسکول، کوٹ ڈی جی سے پاس کیا۔ انٹر میڈیٹ خیر پور کالج، سندھ سے کیا۔

 1959 میں بی ایس سی میں داخلہ لیا اور کراچی یونیورسٹی سے 1962 میں بی ایس سی آنرز کیا اور اسی یونیورسٹی سے ریاضی کے مضمون میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ علاوہ ازیں انھوں نے 1980 میں برآمدات میں سرٹیفکیٹ کورس بھی مکمل کیا ۔

وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم نے  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور بانی رکن تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، مرحوم تاج حیدر کی جمہوریت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تاج حیدر کی وفات سے پاکستان  اہم سیاسی رہنماء سے محروم ہوگئی، وزیر اعظم نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت، اہل خانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر سوگوار خاندان  سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور مرحوم تاج حیدر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،محسن نقوی نے دعا کی کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی مرحوم تاج حیدر کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔

 بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، اس موقع پر  اپنے  پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔

تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، وہ ایک تخلیقی ذہن کے مالک تھے، تاج حیدر کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں، تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے، تاج حیدر کے انتقال سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔

Watch Live Public News