(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فاذ‘‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگِ میل ہے،جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت اور لچک میں نمایاں اضافہ ہوگا، میزائل کے کامیاب تجربے سے ملکی دفاع مزید مضبوط ہوگا، میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کے تجربے کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران اور سائنس دانوں نے کیا۔ میزائل کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں اور انجینئرز نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ صدر مملکت، وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی قیادت نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارک باد دی۔