(ویب ڈیسک)ہسپانوی فٹبال کے میدان سے دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے جہاں ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن لیگ کے دوران حریف گول کیپر سے شدید تصادم کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے معروف اسٹرائیکر جیسس ڈی میگوئیل (Jesús de Miguel) 30 برس کی عمر میں دم توڑ گئے۔
یہ دلخراش واقعہ پیر کے روز سی ڈی ٹینریف (CD Tenerife) اور انڈورا (Andorra) کے درمیان کھیلے گئے سیکنڈ ڈویژن میچ کے آخری لمحات میں پیش آیا۔
30سالہ فارورڈ جیسس ڈی میگوئیل ہاف وے لائن کے قریب گیند کے تعاقب میں تھے کہ انڈورا کے گول کیپر جیسس اوونو (Jesús Owono) اپنے گول سے کافی باہر آئے اور گیند کلیئر کرنے کی کوشش میں پوری رفتار سے ان سے ٹکرا گئے۔
ریفری نے خطرناک فاول پر گول کیپر کو فوری طور پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا، تاہم چوٹ کی سنگینی بھانپتے ہوئے گول کیپر خود بھی ڈی میگوئیل کی طرف بھاگے۔
میگوئیل نے پہلے سینے کو پکڑا اور پھر بے سدھ ہو کر پچ پر گر پڑے۔ میڈیکل عملے کی فوری امداد کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی صدمے کی حالت میں کھڑے رہے، جس کے بعد میچ منسوخ کر دیا گیا۔
اسپتال منتقلی اور موت کی تصدیق:
اسٹرائیکر کو تشویشناک حالت میں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدا میں ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا گیا تھا، تاہم رات کے وقت ان کی طبعیت بگڑ گئی اور دماغی و اعصابی تنزلی (Neurological decline) واقع ہوئی۔
سی ڈی ٹینریف کلب نے منگل کے روز باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اپنے اسٹار کھلاڑی کے انتقال کی تصدیق کی اور ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
فٹبال برادری کا ردِعمل اور سوگ:
ہسپانوی فٹبال فیڈریشن نے آنجہانی اسٹرائیکر کے احترام میں منگل کے روز شیڈول تمام فٹبال میچز فوری طور پر معطل کر دیے۔
دنیا کے نامور کلبوں ریال میڈرڈ نے اپنے ٹریننگ سیشن میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا جبکہ ایف سی بارسلونا سمیت متعدد ہسپانوی کلبوں اور سابق ساتھی کھلاڑیوں نے افسوسناک سانحے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔