تیسرا ٹی 20، سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

تیسرا ٹی 20، سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

(ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ میں بھی ہم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ہدف دیا تھا، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ ٹیم کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں۔

سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دونوں میچوں کے پاور پلے میں ہماری کارکردگی مایوس کن رہی، کوشش ہوگی کہ آج ذاتی طور پر ذمہ داری لے کر بہترین پرفارمنس دوں اور فتح کے ساتھ سیریز کا اختتام کریں۔

سیریز اپنے نام کرنے کے بعد پاکستان نے آخری میچ کے لیے اپنے بینچ کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔صائم ایوب، نسیم شاہ، ابرار احمد اور شاداب خان کو آرام دے کر عرفات منہاس، عبدالصمد، سفیان مقیم اور رضا اللہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون میں  کپتان صاحبزادہ فرحان ، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، عبدالصمد، خواجہ نافع، عرفات منہاس، محمد عمران، رضا اللہ، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں ۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں  کپتان کوشل مینڈس ، لہیرو اودارا، سِنیتھ جے وردھنے، کمیندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، چامیندو وکرما سنگھے، وجے کانتھ ویاسکانتھ، ایشان ملنگا، بنورا فرنینڈو اور نووان تھشارا شامل ہیں۔

پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں 4 وکٹوں اور دوسرے مقابلے میں 82 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کر کے سیریز 0-2 سے پہلے ہی اپنے نام کر رکھی ہے۔

گرین شرٹس آج کا میچ جیت کر سری لنکا کے خلاف 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کرنے کے لیے میدان میں اترے ہیں.

Watch Live Public News