کیریئر کا 981 واں گول، سعودی عرب سے والہانہ عقیدت، رونالڈو کی دل چھو لینے والی ویڈیو وائرل

کیریئر کا 981 واں گول، سعودی عرب سے والہانہ عقیدت، رونالڈو کی دل چھو لینے والی ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) دنیا کے مایہ ناز فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب سے گہری محبت اور عقیدت کے دلکش انداز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ میچ سے قبل اور بعد میں سعودی قومی علامتوں کے ساتھ والہانہ وابستگی کا اظہار کرتے نظر آئے۔

اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے اہم مقابلے میں کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے کلب نیفتچی فرغانہ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم النصر کو 1-3 سے شاندار فتح دلائی۔

اس میچ میں گول داغ کر 41 سالہ اسٹار فارورڈ نے اپنے پروفیشنل کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 981 تک پہنچا دی ہے، اور وہ تاریخ میں 1,000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے سے محض 19 گول کی دوری پر ہیں۔

میچ کے آغاز سے قبل رونالڈو نے اپنی جرسی پر بنی سعودی عرب کی قومی علامت (کھجور کے درخت اور دو تلواروں کے نشان) کو محبت سے چوما، جس نے سعودی عوام اور فٹبال شائقین کے دل جیت لیے۔

فتح کے بعد انہوں نے سعودی پرچم کے ڈیزائن والا اسکارف اپنے کندھوں پر سجایا اور اسٹیڈیم میں موجود النصر کے پُرجوش مداحوں کے ساتھ مل کر مشہور زمانہ ’وائکنگ کلاپ‘ (Viking Clap) تالیاں بجا کر جیت کا جشن منایا۔

النصر کلب نے اپنے آفیشل عربی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر رونالڈو کی تصاویر جاری کرتے ہوئے ان کا وہ تاریخی قول دہرایا: "میں پرتگالی ہوں، لیکن میرا تعلق مملکتِ سعودی عرب سے ہے۔"

یہ الفاظ رونالڈو نے جون 2025ء میں النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں توسیع کے موقع پر ادا کیے تھے، جس کی بازگشت حالیہ میچ کے بعد ایک بار پھر عالمی میڈیا اور سوشل  میڈیا پر سنائی دے رہی ہے۔

Watch Live Public News