(محمد شکیل خان) پاکستان کے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے ایشین گیمز میں پاک بھارت ٹاکرے پر نظریں لگالیں۔ کہا بھارتی ٹیم کیخلاف پلیئر آف دی میچ بن کر قومی ٹیم کو جتوانا چاہتا ہوں۔
ایشین گیمز کے لئے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل عاکف جاوید ان دنوں این سی اے فاسٹ باؤلرز کیمپ میں شریک ہیں۔ اس موقع پر پبلک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عاکف جاویدکا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کے لئے اسکواڈ میں نام آیا ہے کوشش ہے کہ وہاں اچھا پرفارم کرکے ٹیم میں واپسی کرسکوں۔بھارت کےساتھ میچ پر عاکف جاوید کا کہنا تھا کہ اس بار انڈیا کو ہرانے کی کوشش کریں گے۔ بھارت کے خلاف مین آف دی میچ بن کر پاکستان کو جتوانا چاہتا ہوں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ فوکس فٹنس پر ہے اور کوشش ہے کہ دوبارہ پاکستان ٹیم میں واپسی کروں۔ اس کیمپ میں انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈیمانڈ کے مطابق چیزوں پر کام کروایا جا رہا ہے۔اپنے لائن اینڈ لینتھ کے اوپر بھی کام کر رہاہوں۔ یہاں کافی لڑکے ہیں جن کی اسپیڈ اچھی ہے اور انکے ساتھ مقابلہ کرنے میں مزہ آتا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ابھی ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیلوں گا۔ لارڈز ٹیسٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان ٹیم میچ جیت جائے۔
فاسٹ باؤلرز کے پیس کم ہونے کے سوال پر عاکف جاوید نے کہاکہ باقی فاسٹ باؤلرز کا معلوم نہیں مگر اپنے پیس سے کافی مطمئن ہیں۔گزشتہ پرفارمنس کی نسبت پیس میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔
لیگ کرکٹ کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ وہاں مختلف بیٹرز اور کھلاڑی ہوتے ہیں ۔ مختلف ویری ایشنز پر کام کرنا پڑتا ہے جس سے کافی فائدہ ہوتا ہے۔ ٹیم سے ڈراپ ہونے پر انکا کہنا تھا کہ ڈراپ ہونے کےبعد دوبارہ واپس آنا کافی مشکل ہوتا ہے۔واپسی کے لئے کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔