ویب ڈیسک: بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے آخری اوور میں زخمی بھارتی بیٹر ارشدیپ سنگھ کو باؤنسرز کرانے پر تنازع کھڑا ہوگیا، جس پر سابق بھارتی کرکٹرز نے ویسٹ انڈین بولر شمار جوزف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 24 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو آخری اوور میں جیت کے لیے 35 رنز درکار تھے، جبکہ ایک وکٹ باقی تھی۔ کندھے کی انجری کے باعث ارشدیپ سنگھ کو بیٹنگ میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ اسی دوران شمار جوزف کا ایک باؤنسر ان کے بائیں کندھے پر لگا۔
تین گیندیں باقی ہونے کے باوجود بھارتی کپتان شریاس ایئر نے بیٹرز کو واپس بلا لیا، جس کے باعث بھارتی اننگز مقررہ اوورز مکمل ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئی۔
سنیل گواسکر سمیت کئی سابق بھارتی کرکٹرز نے زخمی بیٹر کو باؤنسرز کرانے پر تنقید کرتے ہوئے اسے کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔
سیریز کا فیصلہ کن پانچواں ٹی ٹوئنٹی 17 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔