(ویب ڈیسک) ترک کلب ٹرابزون اسپور کی نمائندگی کرنے والے معروف مصری فٹبال اسٹار محمد صلاح کی مقبولیت کا ترکیہ کے شہر طرابزون میں منفرد اور حیران کن مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں وہ اپنے دورے کے دوران جس عام سے پتھر پر بیٹھے تھے، وہ اب سیاحوں اور فٹبال شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد صلاح نے طرابزون کے قریب ایک سرسبز پہاڑی علاقے کی سیر کے دوران ایک عام پتھر پر بیٹھ کر تصاویر بنوائی تھیں، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
تصاویر سامنے آتے ہی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد نے اسی مقام کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ شائقین کی غیر معمولی آمد کے باعث اب اس وادی کے اطراف باقاعدہ کھانے پینے کے اسٹالز اور دکانیں سج چکی ہیں۔
ترک فٹبال شائقین نے اس پوری وادی کو ہی محمد صلاح سے منسوب کر دیا ہے۔ مقامی افراد نے اس پتھر کا نام " صلاح تاشی" رکھ دیا ہے، جبکہ علاقے میں " صلاح پلیٹو" کے نام سے ایک باضابطہ سائن بورڈ بھی نصب کر دیا گیا ہے جہاں شائقین قطاروں میں لگ کر محمد صلاح کے انداز میں پوز بنا کر تصاویر بنوا رہے ہیں۔
سیاحتی مرکز بننے کے ساتھ ساتھ محمد صلاح میدان میں بھی ناقابلِ شکست فارم میں نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے ہفتے کے روز طاقتور حریف گلاتا سرائے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی اور ایک گول میں اسسٹ بھی کیا، جس کی بدولت ان کی ٹیم نے 4-0 سے شاندار فتح سمیٹ کر گلاتا سرائے کو سیزن کی پہلی شکست سے دوچار کیا۔
خیال رہے کہ 34سالہ محمد صلاح نے انگلش کلب لیورپول میں 9 یادگار سال گزارنے کے بعد، جن کے دوران وہ پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ جیسے معتبر اعزازات جیتے، رواں سال ٹرابزون اسپور کے ساتھ 2 سالہ معاہدہ سائن کیا تھا۔
ٹرابزون اسپور میں ان کا سالانہ معاوضہ 17 ملین یورو طے پایا ہے، جو ترک سپر لیگ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کو ملنے والی سب سے زیادہ تنخواہ بتائی جا رہی ہے۔