(ویب ڈیسک) یورپ بھر کی فضائی حدود میں شدید سیکیورٹی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جہاں مختلف تجارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی کالز اور ای میلز موصول ہونے کے بعد فضائی ٹریفک معطل ہو گئی، اور متعدد بین الاقوامی پروازوں کا رخ ہنگامی بنیادوں پر موڑ کر متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا ہے۔
متاثرہ ممالک اور ہنگامی لینڈنگز:
بم کی دھمکیوں کے باعث آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، بلغاریہ، بیلجیئم، پولینڈ اور فن لینڈ کے فضائی روٹس پر چلنے والی پروازیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
آئرلینڈ کی ایئرلنگس کی ڈبلن سے روم جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع پر طیارے کو فوری طور پر فرانس کی حدود میں پیرس کے مغرب میں واقع ایورے (Évreux) کے ملٹری ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
طیارے میں موجود 151 مسافروں اور عملے کے 6 ارکان کو فوری محفوظ فاصلے پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں نے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی۔
بلغاریہ میں فضائی خدشات کے پیش نظر کوپن ہیگن اور میڈرڈ سے آنے والی پروازوں کو دارالحکومت صوفیہ، جبکہ لندن سے آنے والی پرواز کو پلوودیو کے ہوائی اڈے پر لینڈ کرایا گیا۔
اسی طرح پولینڈ کی 'ایل او ٹی' (LOT)، میلان سے وارسا جانے والی 'وِز ایئر' (Wizz Air) اور فن لینڈ کی 'فِن ایئر' (Finnair) کی پروازیں بھی شدید تاخیر اور چیکنگ کے مراحل سے گزریں۔
جنگی طیاروں کی سیکیورٹی اسکارٹ:
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فضائیہ کی مدد طلب کی گئی، اٹلی کی ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں نے ہیلسنکی سے روم جانے والی فن ایئر کی پرواز کو فضا میں اپنی نگرانی (Escort) میں لیا اور اسے محفوظ طریقے سے ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا۔
تمام متاثرہ ہوائی اڈوں پر ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے مسلح سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم یونٹس نے گرین کلیئرنس تک ایئرپورٹس کے اطراف سخت گھیراؤ کیے رکھا۔