ویڈیو: برطانوی فضائیہ کا ہاک لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ

ویڈیو: برطانوی فضائیہ کا ہاک لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ

(ویب ڈیسک) برطانوی فضائیہ (رائل ایئر فورس) کا ایک ہاک (Hawk) تربیتی لڑاکا جیٹ نارتھ ویلز میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران زمین بوس ہو کر تباہ ہو گیا ہے۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ گرنے سے چند سیکنڈ قبل دونوں پائلٹس کاک پٹ سے ایجیکٹ کر کے چھلانگ لگانے میں کامیاب رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا  ہے کہ طیارہ ویلز کے جزیرے اینگلسی (Anglesey) کے اوپر نچلی پرواز کر رہا تھا کہ اچانک اس کا اگلا حصہ نیچے کی جانب جھکا اور وہ غوطہ کھاتے ہوئے زمین سے ٹکرا گیا۔زمین پر گرتے ہی طیارے میں زوردار دھماکا ہوا اور وہ آگ کے بڑے شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔

خوش قسمتی سے، زمین سے ٹکرانے سے عین چند لمحے قبل طیارے میں سوار دونوں پائلٹس پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت ایجیکٹ کر گئے۔

برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واقعے کی تکنیکی وجوہات اور پائلٹس کی صحت کے حوالے سے تمام تر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

برطانوی فضائیہ (RAF) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک احتیاطی تدابیر کے تحت ہاک ٹی ون (Hawk T1) اور ہاک ٹی ٹو (Hawk T2) طیاروں کی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ہاک ٹی ون اور ٹی ٹو برطانوی فضائیہ کے جدید ٹرانسونک اور دو نشستوں پر مشتمل تربیتی طیارے ہیں، جنہیں ایئر فورس کے پائلٹس کو تیز رفتار لڑاکا طیارے اڑانے کی جدید جنگی تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

Watch Live Public News