لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز برقرار رکھنے کیلئےٹیلی کام ٹاورز پر متبادل بجلی کی چیکنگ کا آغاز

لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز برقرار رکھنے کیلئےٹیلی کام ٹاورز پر متبادل بجلی کی چیکنگ کا آغاز

(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران شہریوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے ٹیلی کام ٹاورز پر بیک اپ پاور سسٹمز کی باقاعدہ چیکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے  کے مطابق پی ٹی اے کی خصوصی انسپکشن ٹیمیں مختلف شہروں کے شہری اور دیہی علاقوں میں نصب ٹیلی کام ٹاورز کا تفصیلی معائنہ کر رہی ہیں۔

اس مہم کے دوران ٹاورز پر موجود متبادل ذرائع مثلاً بیٹری بینکس، جنریٹرز اور سولر سسٹمز کی آپریشنل صلاحیت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور اور ایبٹ آباد سمیت تمام بڑے زونز میں جانچ پڑتال کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ٹیمیں لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں تاکہ وہاں موبائل نیٹ ورک اور ڈیٹا سروسز کی دستیابی کا صحیح تعین ہو سکے۔

پی ٹی اے ٹیموں کے ساتھ مقامی نمائندے بھی فیلڈ میں شریک ہیں، جو ایسے حساس اور متاثرہ علاقوں کی فوری نشاندہی کر رہے ہیں جہاں بجلی کی بندش کے دوران موبائل سگنلز انتہائی کمزور ہو جاتے ہیں یا نیٹ ورک مکمل غائب ہو جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے تمام زونل دفاتر کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ٹیلی کام ٹاورز کا معائنہ اور متبادل بجلی کے نظام کی نگرانی وقتی مہم کے بجائے مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے تاکہ صارفین کو کسی بھی تعطل کے بغیر معیاری ٹیلی کام خدمات فراہم کی جا سکیں۔

Watch Live Public News