فرانس میں کیچڑ میں پھنسی گائے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایئر لفٹ کر لیا گیا، ویڈیو وائرل

فرانس میں کیچڑ میں پھنسی گائے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایئر لفٹ کر لیا گیا، ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) فرانس کے دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں ایک انوکھا اور دلچسپ ریسکیو آپریشن اس وقت دیکھنے میں آیا جب کیچڑ میں پھنسی ایک لاچار گائے کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد سے فضا میں ایئر لفٹ کیا گیا۔ اس غیر معمولی ریسکیو کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس اور اسپین کی سرحد پر واقع پیرینیز (Pyrenees) کے پہاڑی سلسلے میں 11 ستمبر کو ’واہینے‘ (Vahine) نامی گائے چرتے ہوئے گہرے کیچڑ میں دھنس گئی۔

ڈھلوان اور انتہائی ناہموار چٹانی خطہ ہونے کی وجہ سے گائے خود نیچے اترنے کے قابل نہ رہی اور نہ ہی اس بلندی پر کسی گاڑی یا ایمبولینس کی رسائی ممکن تھی۔

زمینی راستے کی بندش اور گائے کی نقاہت کے پیشِ نظر امدادی ٹیموں نے ہیلی کاپٹر طلب کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے گائے کو حفاظتی بیلٹس اور ایک مضبوط جھولے (Sling) میں محفوظ طریقے سے باندھا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا میں اڑا کر بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد اولمپ پرووسٹ (Olympe Provest) نے بتایا کہ فضا میں اڑتی ہوئی گائے کا منظر دیکھ کر تمام سیاح اور مقامی لوگ حیران رہ گئے۔

عینی شاہد کے مطابق لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوالات گھوم رہے تھے کہ اس وقت گائے کیسا محسوس کر رہی ہوگی اور کیا وہ فضا میں پرواز کی سنسنی سے لطف اندوز ہو رہی تھی؟ بعد میں معلوم ہوا کہ گائے اتنی کمزور ہو چکی تھی کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں تھا۔

واضح رہے کہ دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں مویشیوں کے ایسے ایئر لفٹ ریسکیو پہلے بھی ہو چکے ہیں، سال 2021 میں سوئٹزرلینڈ کے الپس (Swiss Alps) کے پہاڑوں پر بھی زخمی گائے کو اسی طرح ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر پہنچایا گیا تھا۔

Watch Live Public News