(ویب ڈیسک)جنوبی امریکی ملک چلی کے دارالحکومت سینٹیاگو میں ایک لرزہ خیز اور غیر معمولی حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں ایک تیز رفتار ٹرک سے نکلنے والا دیوہیکل ٹائر بے قابو ہو کر اچھلتا ہوا 19 سالہ طالب علم کو ہوا میں اڑا دیتا ہے۔
چلی کے نشریاتی ادارے میگا نوٹیشیاس کے مطابق یہ واقعہ 29 اکتوبر کو سینٹیاگو کے ایک مصروف انڈر پاس کے قریب پیش آیا۔
انڈر پاس سے گزرتے ہوئے ایک بڑے ٹرک کا ٹائر اچانک گاڑی سے الگ ہو کر تیز رفتاری سے سڑک پر اچھلنے لگا۔
راستے میں کم از کم ایک گاڑی سے ٹکرانے کے بعد یہ بھاری ٹائر فٹ پاتھ کی جانب بے قابو ہو کر گیا اور وہاں سے گزرنے والے ایک 19 سالہ طالب علم کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ ہوا میں اچھل کر دور جا گرا۔

موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق ٹائر ٹکرانے سے قبل لوہے کے ٹکرانے جیسی انتہائی زور دار آواز سنائی دی۔
حادثے کے فوری بعد راہگیر مدد کے لیے دوڑے تو طالب علم سڑک پر بے سدھ پڑا تھا، اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا اور وہ ہاتھ ہلانے میں دشواری محسوس کر رہا تھا جبکہ شدید چکر آنے کے باعث اٹھ کر کھڑا ہونے کے قابل نہیں رہا تھا۔
Student sent flying by runaway tire that got loose from truck - https://t.co/74VUulYOsE
— Blanche Victoria (@tammytabby) November 5, 2026
مقامی میئر جیمی بیلولیونے پریس کو تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ 19 سالہ نوجوان کے جسم پر شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کا سبب بننے والے ٹرک اور اس کے ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے اور واقعے کی مزید قانونی تحقیقات جاری ہیں۔