(ویب ڈیسک) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ اور امریکی مڈٹرم انتخابات دونوں میں شکست ہوئی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی جنگ کے فیصلے کا تباہ کن انداز میں جواب دیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے اہم بیان میں محسن رضائی نے امریکی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کے خلاف اپنا ایجنڈا مسلط کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اور امریکی عوام نے مڈٹرم انتخابات میں ان کی پالیسیوں کو مسترد کر کے انہیں شکست سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے امریکی اعلیٰ حکام کے کردار پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنی شکست کو تسلیم کر چکے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد اپنا عہدہ چھوڑنے والے ہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو بھی جلد ان کے عہدے سے فارغ کر دیا جائے گا، جبکہ خطے میں تعینات امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے کمانڈر کی حیثیت اب صرف ایک پوڈکاسٹر جیسی رہ گئی ہے۔
نئی جنگ چھیڑنے پر عبرتناک انجام کی وارننگ:
ایرانی سیکیورٹی چیف نے استفسار کیا کہ واشنگٹن میں اقتدار کی اس افراتفری میں اب کس ذمے دار امریکی عہدیدار تک یہ پیغام پہنچایا جائے کہ ایران کے خلاف جارحیت کی کوئی بھی غلطی خود امریکا کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔