ویب ڈیسک: پیرو کے ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے جرمنی اسمگل کی جانے والی 3 ہزار سے زائد زندہ ٹارنٹولا مکڑیاں برآمد کرلیں، جنہیں گندے موزوں میں چھپایا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ کارروائی دارالحکومت لیما کے جارج شاویز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی، جہاں دو جرمن اور ایک پولش شہری کے تین سوٹ کیسوں کی تلاشی کے دوران مکڑیاں پکڑی گئیں۔
پیرو کے ادارہ برائے جنگلات و جنگلی حیات کے مطابق برآمد ہونے والی مکڑیوں میں انڈے، نومولود اور بالغ مکڑیاں شامل تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یورپ میں ایک ٹارنٹولا مکڑی کی قیمت تقریباً 500 یورو ہے، اس حساب سے ضبط کی گئی مکڑیوں کی ممکنہ مالیت 15 لاکھ یورو بنتی ہے۔
پولیس نے تینوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ ان کے خلاف جنگلی حیات کی غیرقانونی اسمگلنگ کے الزام میں کارروائی کی جائے گی۔