(ویب ڈیسک) امریکی ریاست جارجیا میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی آٹھویں منزل کی کھڑکی سے نیچے گرنے والی 21 سالہ یونیورسٹی طالبہ کرشماتی طور پر زندہ بچ گئی ہے۔
جارجیا یونیورسٹی کی 21 سالہ طالبہ کرسٹین سارجنٹ 26 ستمبر کو ایتھنز شہر میں واقع اپنے رہائشی اپارٹمنٹ میں موجود تھیں۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ طالبہ آٹھویں منزل پر ایک کھلی کھڑکی کے بالکل قریب صوفے پر رقص کر رہی تھیں کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور کھڑکی سے باہر جا گریں۔
طالبہ آٹھویں منزل سے سیدھی نیچے عمارت کے دوسری منزل کے احاطے میں موجود سوئمنگ پول کے قریب گریں۔
جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ وہ پہلے وہاں رکھے ایک دھاتی بینچ سے ٹکرائیں۔ پولیس کے مطابق بینچ کے کشن پر خون کے نشانات ملے اور بینچ کو نقصان پہنچا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس بینچ نے زمین پر براہِ راست گرنے کے اثر (Impact) کو کم کر کے ان کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
واقعے کے فوراً بعد دوستوں نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی جس پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمی حالت میں خاتون کو فوری اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے معاملے کی چھان بین کے بعد کسی بھی قسم کی مجرمانہ کارروائی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک خالص حادثہ قرار دیا، کیونکہ خاتون واقعے کے وقت مکمل ہوش و حواس میں تھیں۔
طالبہ کے اہلِ خانہ اور بہن نے تصدیق کی ہے کہ کرسٹین اب اسپتال میں تیزی سے روبہ صحت ہیں اور خطرے سے باہر ہیں؛ اہلِ خانہ نے ان کے معجزاتی طور پر محفوظ رہنے پر خدا کا شکر ادا کیا ہے۔