1985ء کے ’سپر ماریو برادرز‘ کا نایاب ایڈیشن  کروڑوں میں فروخت

1985ء کے ’سپر ماریو برادرز‘ کا نایاب ایڈیشن  کروڑوں میں فروخت

(ویب ڈیسک) معروف کلاسک ویڈیو گیم ’ سپر ماریو برادرز‘ (Super Mario Bros) کے ایک انتہائی نایاب ایڈیشن نے نیلامی میں حیران کن قیمت حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں 1985ء کا یہ پرانا گیم کروڑوں پاکستانی روپے میں فروخت ہوا ہے۔

معروف نیلام گھر ہیریٹیج آکشنز کے زیرِ اہتمام 20 اور 21 نومبر کو منعقد ہونے والی ’ ویڈیو گیمز سگنیچر آکشن‘ میں 1985ء کے مشہور نینٹینڈو انٹرٹینمنٹ سسٹم (NES) گیم ’ سپر ماریو برادرز‘ کی ایک نایاب کاپی ریکارڈ توڑ 96 ہزار 875 ڈالر (تقریباً پونے تین کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی ہے۔

نیلام ہونے والی یہ کاپی پی ایس اے (PSA) سے 9.0 ریٹنگ یافتہ پہلے پروڈکشن بیچ کا میٹ اسٹیکر ویرینٹ تھی، جس نے سپر ماریو برادرز کی پہلی پروڈکشن کاپی اور کسی بھی ’کمپلیٹ ان باکس‘ ویڈیو گیم کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

’کمپلیٹ ان باکس‘ سے کیا مراد ہے؟

نیلام گھر کے مطابق ’کمپلیٹ ان باکس‘ (Complete in Box) کی اصطلاح کا مطلب یہ ہے کہ گیم کا ڈبہ کھولا جا چکا تھا اور اندر موجود گیم استعمال بھی ہوئی تھی، تاہم اس پیکج میں اصل کارٹریج، ہدایت نامہ اور وہ تمام اشیاء آج بھی مکمل محفوظ حالت میں موجود ہیں جو ریٹیل فروخت کے وقت اس کے ساتھ آتی تھیں۔

دوسری نایاب کاپی ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد میں نیلام:

اسی نیلامی میں سپر ماریو برادرز کے دوسرے پروڈکشن بیچ کی ایک غیر کھلی (Sealed) اور پی ایس اے 8.5 ریٹنگ یافتہ گلاس اسٹیکر کاپی بھی پیش کی گئی، جس کی سب سے بڑی بولی 1 لاکھ 31 ہزار 250 ڈالر (تقریباً 3 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے) لگی۔

ہیریٹیج آکشنز کے ویڈیو گیمز ڈائریکٹر ایون میسنگل کا کہنا ہے کہ ابتدائی دور کے نایاب این ای ایس (NES) گیمز کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ ہوم کنسول گیمنگ کی تاریخ میں ’ سپر ماریو برادرز‘ کی اہمیت مسلّم ہے اور شائقین اس کی تاریخی قدر کو بخوبی پہچانتے ہیں۔

Watch Live Public News