بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا، نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز روکنے کیلئے دباؤ

بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا، نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز روکنے کیلئے دباؤ
کیپشن: بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا، نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز روکنے کیلئے دباؤ

ویب ڈیسک: بھارتی حکومت نے نیٹ فلکس سے پاکستانی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی بھارت میں نمائش روکنے کا مطالبہ کردیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس پر زور دیا ہے کہ پاکستانی مواد تک بھارتی صارفین کی رسائی روکی جائے، جبکہ آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی کے لیے قانون سازی اور اسے دکھانے والے پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی دباؤ پر پاکستانی سیریز کی ممکنہ بندش کی خبروں پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے نیٹ فلکس سے یکساں پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صارفین کا سوال ہے کہ اگر پاکستانی ڈرامے بھارت میں بند کیے جائیں تو بھارتی فلمیں اور ڈرامے پاکستان میں کیوں دکھائے جائیں؟

سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ بھارتی فلم ’’دھرندر‘‘ پاکستان میں نیٹ فلکس پر دستیاب رہی اور ٹاپ ٹرینڈنگ میں بھی شامل ہوئی۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پاکستانی مواد پر یک طرفہ پابندی کے بجائے دونوں ممالک کے لیے یکساں پالیسی اپنائی جائے۔

اس معاملے پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلے کھیل کو ہتھیار بنایا، پھر پانی اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کرکٹ میچ سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ کیسے بن گیا؟

احسن اقبال نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے، پانی کو بہنے، فنکاروں کو تخلیق کرنے اور ناظرین کو اپنی پسند کا مواد دیکھنے دیا جائے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بھی نیٹ فلکس پر پاکستانی تفریحی مواد کی پابندی کے مطالبے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے بھارتی معاشرے میں گہرا عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور حمزہ علی عباسی کی اداکاری سے سجی پاکستانی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی عالمی ریلیز 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔ بھارت میں اس کی نمائش روکنے کا مطالبہ نیٹ فلکس کے لیے بھی ایک اہم معاملہ بن گیا ہے۔

 

Watch Live Public News