ویب ڈیسک: بھارتی شہر بنگلور میں پاکستانی ڈرامے ’ درِ نجات‘ کی خصوصی نمائش کے لیے منعقد کیے جانے والے دو پروگرام سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد منسوخ کر دیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں تقریبات 28 نومبر اور 5 دسمبر کو منعقد ہونا تھیں، تاہم سوشل میڈیا پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد منتظمین نے خود ہی پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس کے مطابق تقریبات کے لیے باقاعدہ اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔
پہلی تقریب 28 نومبر کو فریزر ٹاؤن کے ایک ریسٹورنٹ میں منعقد ہونا تھی، جس میں شرکت کے لیے فی کس 1999 بھارتی روپے فیس مقرر کی گئی تھی، جبکہ دوسری تقریب 5 دسمبر کو ایک نجی تھیٹر میں ہونا تھی۔
دونوں پروگراموں کے اعلانات سامنے آنے پر بعض صارفین نے پاکستانی ڈرامے کی نمائش اور پاکستانی ثقافت سے متعلق تقریب پر اعتراضات اٹھائے اور پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ’ درِ نجات‘ ایک روحانی اور رومانوی موضوع پر مبنی پاکستانی ڈراما ہے، جس میں شہریار منور نے ابوبکر کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ڈرامے کی ہدایت کاری ثاقب خان نے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرامے کی اقساط کو سوشل میڈیا پر اب تک ایک ارب 70 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔