ویب ڈیسک: بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس کے دوران بنگلہ دیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار رہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں براہِ راست جیل جانا پڑے گا۔ حسینہ واجد نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔
اسپیکر بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے حوالے نہیں کرتا تو ڈھاکا حکومت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گی۔ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلانات محض اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے ہیں، وہ آئندہ 10 سال تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی۔
حافظ الدین احمد نے عوامی لیگ پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلہ دیشی حکومت اس پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگالی ایک جمہوریت پسند قوم ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔ 1971 میں بھی بنگالیوں نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں ان کا حق نہیں دیا گیا۔
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، تاہم 1975 میں بنگلہ دیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا۔ بدقسمتی سے ملک کو حقیقی جمہوریت میسر نہیں آسکی، البتہ رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط اور گہری ہوگی۔ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلہ دیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر انہوں نے پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔