پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانہ، وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانہ، وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

(ویب ڈیسک )وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف  نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے شینزو-24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے خلائی سفر پر روانگی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے۔ یہ صرف ایک خلاباز کا سفر نہیں، بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے، یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد دونوں نے بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن سے چین میں تربیت مکمل کی۔ 

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے  جانے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا  ملک بنے گا۔ یہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم اپنے برادر ملک چین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا۔ چین اور پاکستان زمین پر قیامِ امن اور باہمی ترقی ہی میں ہم آہنگ نہیں ہیں بلکہ اب خلا کے سفر میں بھی ہم قدم ہیں۔یہ دوستی کی وسعت اور قربت کا اظہار ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے سپارکو اور ان جامعات اور سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ساتھ خلا میں جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔

وزیر اعظم نے قوم کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے، تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑو، محنت کرتے رہو، پاکستان پر یقین رکھو۔ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔ہمارے قومی شاعر علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو یہ تلقین کی تھی کہ انہیں ستاروں سے آگے جانا ہے اور اس کائنات میں چھپے رازوں کو دریافت کرنا ہے۔اللہ کا شکر ہے کہ یہ خواب آج پورا ہو رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یہ مشن نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جہاں ہمارا نوجوان دنیا کے ساتھ مقابلہ نہیں، بلکہ دنیا کی رہنمائی کرے گا۔ 

Watch Live Public News