مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے آرڈیننس کی منظوری خوش آئند ہے، مولانا محمد طیب قریشی

مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے آرڈیننس کی منظوری خوش آئند ہے، مولانا محمد طیب قریشی

(ویب ڈیسک ) مولانا محمد طیب قریشی  کا کہنا ہے کہ مدارس کے دیرینہ مطالبے کی منظوری پر حکومت پاکستان مبارکباد کی مستحق ہے۔

مشیر اوقاف مذہبی و اقلیتی امور ، کوآرڈینیٹر پیغام امن کمیٹی خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے خیبرپختونخوا میں مدارس رجسٹریشن آرڈینینس پر پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل کے حل کے لیے آرڈیننس کی منظوری خوش آئند ہے، مدارس کے دیرینہ مطالبے کی منظوری پر حکومت پاکستان مبارکباد کی مستحق ہے، مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس سمیت سرکاری معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے دیرینہ مطالبے کی منظوری میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، مدارس اور ریاست کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کو مایوسی ہوگی، خیبرپختونخوا کے مدارس ریاست اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ   مدارس سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،مذہب یا مسلک کی آڑ میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی کرنا حرام ہے، علماء پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو حرام قرار دے چکے ہیں، مدارس ریاست کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، مدارس کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے جو ریاست پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی کا امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے سفر جاری رہے گا،صوبے کے ہر گلی کوچے تک قومی بیانیے اور پیغامِ پاکستان کو پہنچائیں گے،علماء اور مدارس ریاست کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے، پیغامِ امن کمیٹی خیبرپختونخوا میں اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

Watch Live Public News