(ویب ڈیسک ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر شہر کے بیشتر فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کا فضائی آلودگی اور حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ،شہر کے بیشتر فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے فضائی آلودگی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر شہر کے بیشتر فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اچھرہ پل سمیت شہر کے تمام فلائی اوورز پر ٹرکوں، ڈمپرز اور دیگر بھاری لوڈر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح ریت، بجری، سیمنٹ، مٹی اور اینٹوں سے لدی ٹرالیوں کو بھی فلائی اوورز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں فلائی اوورز پر چڑھائی کے دوران لوڈر گاڑیوں سے منسلک تین مختلف جان لیوا حادثات پیش آئے، جن میں تین موٹر سائیکل سوار اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ بھاری گاڑیوں کی چڑھائی کے دوران پریشر لیک ہونے اور کلچ پلیٹیں ٹوٹنے جیسے تکنیکی مسائل حادثات کا سبب بن رہے ہیں، جس سے دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھاری لوڈر گاڑیوں کے فلائی اوورز پر چڑھنے کے دوران انجن پر اضافی دباؤ کے باعث زیادہ دھواں خارج ہوتا ہے، جو سموگ اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا تھا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا بھی ہے۔
پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام سرکل افسران کو سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ مختلف فلائی اوورز پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
شاہدرہ فلائی اوور، آزادی فلائی اوور، داتا گنج بخش فلائی اوور، مسلم ٹاؤن فلائی اوور، کلمہ چوک فلائی اوور اور مغلپورہ فلائی اوور سمیت شہر کے تمام فلائی اوورز پر یہ پابندی نافذ ہوگی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کسی کو بھی ٹریفک قوانین اور شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی