(ویب ڈیسک) کراچی کے پوش علاقے کلفٹن کی مرکزی شاہراہ پر فرض شناسی اور بہادری کی ایک شاندار مثال سامنے آئی ہے، جہاں ایک ٹریفک پولیس افسر نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ٹکر مارنے اور فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کا ڈرامائی انداز میں تعاقب کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
واقعہ کلفٹن کی مرکزی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب ٹریفک پولیس افسر نے ایک ٹرک ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے ٹرک روکنے کے بجائے رفتار تیز کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ٹریفک پولیس افسر نے فوری طور پر اپنی سرکاری گاڑی میں ٹرک کا پیچھا شروع کر دیا، جس سے سڑک پر فلمی مناظر دیکھنے میں آئے۔
ایک شہری کی جانب سے ریکارڈ کی گئی اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فرار ہونے کی کوشش میں ٹرک ڈرائیور نے جان بوجھ کر بارہا اپنا ٹرک ٹریفک پولیس افسر کی گاڑی سے ٹکرایا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ٹریفک پولیس نے ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے پولیس کی گاڑی کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرتا رہا تاہم پکڑا گیا۔ #Karachi https://t.co/JXZLhvu6pV
— Qasim Naqvi (@SQRNaqvi) November 17, 2026
شدید ٹکروں کے نتیجے میں پولیس افسر کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر بھی چڑھ گئی، تاہم افسر نے ہمت نہ ہاری اور ٹرک کا تعاقب جاری رکھا۔
مسلسل اور جرات مندانہ تعاقب کے بعد ٹریفک پولیس افسر بالآخر ٹرک کو روکنے میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد ٹرک ڈرائیور کو موقع پر ہی حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔