گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026: 8 ممالک کے بدھ مذہبی رہنماؤں کا اسلام آباد میوزیم ،شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ

گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026: 8 ممالک کے بدھ مذہبی رہنماؤں کا اسلام آباد میوزیم ،شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ

(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری سہ روزہ 'گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026'  کے سلسلے میں 8 مختلف ممالک سے آئے ہوئے بین الاقوامی بدھ مذہبی رہنماؤں اور دانشوروں کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میوزیم اور تاریخی شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ کیا۔

اس بین الاقوامی وفد میں تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام، جاپان، کمبوڈیا، سری لنکا، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ممتاز بدھ مذہبی رہنما اور دانشور شامل ہیں۔

وفد نے اسلام آباد میوزیم میں گندھارا تہذیب کے قدیم آثار، بدھ مت کے نادر نوادرات اور گوتم بدھ کے تاریخی مجسموں کا بغور مشاہدہ کیا۔

بدھ مذہبی رہنماؤں نے میوزیم میں گندھارا کی تاریخ اور ثقافتی ورثے پر مبنی جدید ڈیجیٹل پیشکش  میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی وفد نے اسلام آباد کے قدیم شاہ اللہ دتہ غاروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ان غاروں کی تاریخی، مذہبی اور آثارِ قدیمہ کے حوالے سے اہمیت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جوائنٹ سیکرٹری سیدہ تنزیلہ سباحت بھی وفد کے ہمراہ موجود تھیں، جبکہ ان دوروں کا بنیادی مقصد پاکستان کے قدیم بدھ مت ورثے اور گندھارا تہذیب کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم کے گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت کی قیادت میں منعقد ہونے والے اس تین روزہ ڈائیلاگ کا مرکزی موضوع "مشترکہ مستقبل کی جانب" ہے۔

ڈائیلاگ میں بین الاقوامی بدھ قیادت، مذہبی دانشور، ماہرین اور پاکستانی اداروں کے نمائندے شریک ہیں، جو گندھارا ورثے کے تحفظ، تحقیق، عالمی تشہیر اور مذہبی زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

عمران شوکت کے مطابق گندھارا ہمارا مشترکہ تہذیبی ورثہ ہے جو ثقافتی سفارت کاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی تعاون کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، اور پاکستان بین الاقوامی بدھ برادری کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

Watch Live Public News