وزیر اعظم کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت ترکیہ پہنچ گئے

وزیر اعظم کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت ترکیہ پہنچ گئے

(ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انطالیہ، ترکیہ پہنچ گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کے تحت منعقد ہونے والی فریقین کی 31ویں کانفرنس (COP31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمہوریہ ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔

انطالیہ ہوائی اڈے آمد پر وزیراعظم کا استقبال ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت جناب گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر محترمہ آمنہ بلوچ اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔

وزیراعظم کوپ 31 انطالیہ سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات اور طے شدہ اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم مستقبل کیلئے  قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔

سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت کوپ 31 میں شرکت کرنے والے مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کوپ 31 کے کے دوران ’’پاکستان پویلین‘‘ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

گزشتہ کوپ کانفرنسوں کے نتائج میں پاکستان کی اہم کامیابیوں میں فعال موسمیاتی سفارت کاری شامل ہے، جس کے نتیجے میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (نقصانات اور تباہ کاریوں سے متعلق فنڈ) کی منظوری ہوئی۔

Watch Live Public News