(ویب ڈیسک) مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے جاری کردہ باضابطہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 14 فیصد کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک ماہ میں ترسیلات کی مجموعی مالیت 3.9 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے ایکس پر بیان میں بتایا کہ اکتوبر 2026 میں موصول ہونے والی 3.9 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 13.8 فیصد (تقریباً 14 فیصد) زیادہ رہیں۔ستمبر 2026 کے مقابلے میں بھی ترسیلاتِ زر کی آمد میں ایک ماہ کے دوران 8.5 فیصد کا قابلِ ذکر اضافہ دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں مجموعی ترسیلاتِ زر 14.8 ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصد زائد ہیں۔
اس شاندار گروتھ کے نتیجے میں پاکستان کو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 1.8 ارب ڈالر کا اضافی زرِمبادلہ موصول ہوا ہے۔
ترسیلاتِ زر بھیجنے والے 5 سرفہرست ممالک و خطے:
سعودی عرب: 982 ملین ڈالر (25 فیصد کا غیر معمولی اضافہ)
متحدہ عرب امارات (UAE): 816 ملین ڈالر (16 فیصد کا اضافہ)
برطانیہ (UK): 592 ملین ڈالر (15 فیصد کا اضافہ)
یورپی یونین (EU): 461 ملین ڈالر (12 فیصد کا اضافہ)
دیگر خلیجی ممالک (GCC): 370 ملین ڈالر (13 فیصد کا اضافہ)
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق ترسیلاتِ زر میں مسلسل تیزی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے، روپے کی قدر کو سہارا دینے اور لاکھوں خاندانوں کی مالی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو قومی معیشت کی مضبوطی، خودمختاری اور استحکام کا اصل اور مضبوط ترین ستون قرار دیا۔